
خضدار میں بچوں کی سکول بس پر خود کش حملے میں 3 طالبات سمیت 5 افراد شہید
بلوچستان کے ضلع خضدار میں اسکول کے بچوں کو لے کر جانے والی بس پر خودکش حملے کے نتیجے میں 3 طالبات سمیت 5 افراد شہید جب کہ 38 زخمی ہوگئے۔ خضدار میں زیرو پوائنٹ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں اسکول کی بس تباہ ہوگئی، جب کہ بس میں سوار 3 طالبات سمیت 5 افراد جاں بحق اور 38 زخمی ہوگئے، ڈپٹی کمشنر خضدار کے مطابق بس پر خودکش حملہ کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) خضدار نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ اسکول بس میں دھماکا خود کش بمبار کی جانب سے خود کو اڑانے کے بعد ہوا، اسکول بس میں سوار 4 بچے شہید ہوئے۔38 زخمی بچوں کو علاج معالجے کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق بعض زخمی بچوں کی حالت تشویش ناک ہے، شہید ہونے والی طالبات میں چھٹی جماعت کی ثانیہ سومرو، ساتویں جماعت کی حفظہ کوثر اور دسویں جماعت کی عیشا سلیم شامل ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکے سے بس کو شدید نقصان پہنچا ہے، تاہم پولیس و فورسز کی نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی ہے اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، مزید معلومات سامنے آنے پر میڈیا اور عوام سے شیئر کی جائیں گی۔