بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سکھر،حیدرآباد،کراچی موٹروے معاشی ترقی کیلئے اہم ہے،وزیرخزانہ

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آج قومی اسمبلی میں بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ سکھر حیدرآباد کراچی موٹروے پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کو ترجیح د ی گئی ہے اور اسے ہر قیمت پر مکمل کیا جائے گا۔قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ دوسو سے کم یونٹس استعمال کرنے والے ایک کروڑ اسی لاکھ صارفین کیلئے بجلی کی قیمتوں میں گزشتہ سال جون سے چھپن فیصد کمی کی گئی ہے۔وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری نے ایوان کو وقفہ سوالات کے دوران بتایا کہ گھریلوصارفین اور کاشتکاروں کیلئے بجلی کی قیمتوں میں مجموعی طور پر بیس فیصد اور صنعتوں کیلئے اکتیس فیصد کمی کی گئی ہے۔وزیر توانائی نے یقین ظاہر کیا کہ پاکستان آئندہ ایک یا ڈیڑھ سال میں خطے میں توانائی فراہم کرنے والا مسابقتی ملک بن جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آئندہ تین سال کیلئے ملک میں تین ہزا ر میگاواٹ اضافی بجلی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کو بجلی کی قیمتوں میں مزید ریلیف فراہم کرنے کیلئے ترقیاتی شراکت داروں سے بات چیت جاری ہے۔پارلیمانی امور کے وزیر طارق فضل چودھری نے اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جارحیت کا پوری طاقت سے منہ توڑ اور موثر جواب دینے سے پاکستان کے بین الاقوامی تشخص میں نمایاں بہتری آئی ہے۔انہوں نے پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی میں بہتری کیلئے مربوط کوششوں پر زوردیا۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق صبا صادق نے ایوان کو بتایا کہ خواتین کی حیثیت کے بارے میں قومی کمیشن کی چیئر پرسن کی جلد تقرری کی جائے گی۔ایک توجہ طلب نوٹس کے جواب میں وزیر مملکت برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات چودھری ارمغان سبحانی نے کہا کہ حکومت سکھر، حیدرآباد، کراچی موٹروے منصوبے کی تعمیر کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔

اشتہار
Back to top button