بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان،بھارت جنگ بندی مختلف ممالک کی سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے،وزیراطلاعات

وزیراطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جنگ بندی مختلف ممالک کی سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے۔انہوں نےSKY نیوز کو ایک انٹرویو میں کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کاخصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے جنگ بندی میں کلیدی کردار ادا کیا۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ امریکی صدر نے اپنے دوسرے ٹویٹ میں یہ واضح کردیا کہ وہ بھارت اور پاکستان کے درمیان اہم مسائل کے حل کے خواہاں ہیں اور انہوں نے خاص طور پر مسئلہ کشمیر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم اس کا تصفیہ چاہتے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے جنگ بندی میں اہم کردار ادا کرنے پر چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکیہ اور قطر کی قیادت سے بھی اظہار تشکر کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے ملٹری آپریشنز کے ڈائریکٹر جنرلز نے ایک دوسرے سے رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی پاکستان کی کمزوری نہیں بلکہ پاکستان کی حکمت عملی کی کامیابی ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے پہلگام واقعے کے حوالے سے ایک سوال پر کہا کہ اس واقعے پر پاکستان نے تشویش ظاہر کی اور متاثرین اور ان کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سات لاکھ سے زائد فوجی تعینات کرنے کے باوجود پہلگام واقعہ بھارت کی سکیورٹی کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی گروپ نے اب تک پہلگام واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف جوابی فوجی کارروائی کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ ہم نے اُن کی فوجی تنصیبات اورگولہ بارود کے ڈپوز کو نشانہ بنا کر اُنہیں بھاری نقصان پہنچایا جو دنیا کے سامنے ہے۔عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان میں مبینہ دہشت گردوں کے بنیادی ڈھانچے کی موجودگی کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں پاکستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں یا کیمپ کی موجودگی کویکسر مسترد کردیا۔

اشتہار
Back to top button