بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان کا بھرپور جواب: آپریشن "بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص” کے تحت بھارت میں 10 سے زائد مقامات پر حملے

پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کے مسلسل اشتعال انگیز اقدامات کا سخت اور منظم جواب دیتے ہوئے "آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص” کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت بھارت میں دس سے زائد فوجی اور اسٹریٹجک اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آدم پور، ادھم پور، بھٹنڈہ، سورت گڑھ، مامون، اکھنور، جموں، سرسہ اور برنالہ کے ایئربیسز اور ایئر فیلڈز کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا، جب کہ بھارتی اڑی سپلائی ڈپو، سرسہ اور ہلوارا ایئر فیلڈز بھی حملے کی زد میں آ کر ناکارہ ہو چکی ہیں۔

ذرائع کے مطابق لائن آف کنٹرول پر دشمن کے کئی اہم پوسٹس کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے جن میں پانڈو سیکٹر کی چھاؤ گلی پوسٹ، لیپہ سیکٹر کی لعل جان پوسٹ، اسلام آباد اور سوکا جبرا پوسٹس شامل ہیں۔ پیر کانٹھی، دھودی، نوشہرہ، اور سنکھ سمیت دیگر علاقوں میں بھی دشمن کی دفاعی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔

جے ایف-17 تھنڈر نے بھارت کا S-400 سسٹم تباہ کر دیا

پاکستانی فضائیہ نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہائپر سونک میزائلوں کے ذریعے آدم پور میں نصب بھارت کا جدید S-400 ایئر ڈیفنس سسٹم تباہ کر دیا، جس کی مالیت تقریباً ڈیڑھ ارب ڈالر تھی۔

بھارتی انٹیلیجنس کے دہشت گردی مراکز بھی نشانے پر

راجوڑی اور نوشہرہ میں موجود بھارتی ملٹری انٹیلیجنس کے دہشت گردی تربیتی مراکز کو بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق راجوڑی میں ہونے والے حملے میں ایڈیشنل ڈی سی راج کمار تھاپا ہلاک ہوا، جو مبینہ طور پر دہشت گردی میں ملوث تھا۔

سائبر وار: بھارتی ویب سائٹس اور سسٹمز ہیک

پاکستان کی سائبر فورسز نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کی ویب سائٹ سمیت متعدد سرکاری و عسکری ویب سائٹس ہیک کر لیں۔ مہاراشٹرا میں بجلی کے گرڈز ناکارہ ہو گئے اور 2500 سے زائد کیمرے ہیک کر لیے گئے۔ اطلاعات ہیں کہ سائبر حملے کے باعث بھارت کے 70 فیصد بجلی کے فیڈر بھی متاثر ہوئے۔

فتح میزائل شہداء کے نام

"فتح” نامی جدید میزائل سسٹم، جس کی رینج 120 کلومیٹر ہے، کو ان معصوم بچوں کے نام منسوب کیا گیا جو بھارتی جارحیت میں شہید ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ میزائل جدید نیویگیشن اور انتہائی درستگی کی صلاحیت رکھتا ہے۔

بھارتی حکام کا اعتراف

بھارتی فوج اور دفاعی اداروں نے پاکستانی حملوں سے ہونے والے نقصانات کا اعتراف کر لیا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان نے پنجاب سمیت مختلف علاقوں میں ایئر بیسز کو نشانہ بنایا، جن میں اُدھم پور، بھوج، بھٹنڈہ اور پٹھان کوٹ شامل ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ان حملوں میں کم از کم 5 افراد ہلاک ہوئے ہیں، جن میں جموں و کشمیر کے سرکاری افسران بھی شامل ہیں۔

اشتہار
Back to top button