
شہباز شریف کا قوم سے خطاب کشمیریوں کے جذبات کا عکاس تھا- حریت کانفرنس
مشتاق بٹ ، زاہد صفی ، زاہد اشرف ، شیخ یعقوب ، سید منظور احمد شاہ اور محمد شفیع ڈار کا بیان
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کیطرف سے قوم سے خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر پر دوٹوک اور واضع موقف کو سراہتے ہوئے اسے کشمیریوں کے جذبات کا عکاس قرار دیا ہے۔
وزیر اعظم نے گزشتہ روز قوم سے خطاب کے دوران کہا عالمی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر ایک مسلمہ تنازعہ تھا، ہے اور اس وقت تک رہے گا جب تک کشمیری بہنوں اور بھائیوں کو اقوام متحدہ کی زیر نگرانی آزادانہ، غیر جانبدارانہ ماحول میں حق رائے دہی نہیں مل جاتا، بھارت کے یکطرفہ فیصلوں سے حقیقت کبھی نہیں بدلے گی۔حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے سیکرٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ ، زاہد صفی ، زاہد اشرف ، شیخ یعقوب ، سید منظور احمد شاہ اور محمد شفیع ڈار نے اپنے بیانات میں کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے اپنے خطاب میں کشمیریوں کے جذبات اور احساسات کی بھر پور ترجمانی کی ہے جس پر کشمیری انکے مشکور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر عالمی فورم پر کشمیریوں کے حق خودارادیت کی بھرپور وکالت کررہا ہے، کشمیری اپنی بھر پور سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت پر حکومت پاکستان، افواجِ پاکستان، عوام اور تمام سیاسی و سماجی حلقوں کے شکر گزار ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ اقوام متحدہ، عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم، ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں، قیدیوں پر تشدد اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں،کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے ،کشمیریوں کے گھروں کو بلڈوز کرنے، بلاجواز گرفتاریوں کا نوٹس لیں اور کشمیریوں کو ان کا حق حق خودارادیت دلانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔