
بھارتی جارحیت، مِلی یکجہتی کونسل کا جمعہ کو ملک بھر میں "یومِ عزمِ دفاعِ پاکستان” منانے کا اعلان
پوری جرآت اور استقامت کیساتھ بھارتی جارحیت کا جواب دیا جائے، ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر و دیگر
صدر مِلی یکجہتی کونسل ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر، نائب صدر علامہ سید ساجد علی نقوی، سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر اسداللہ بھٹو، آزاد جموں و کشمیر کے صدر مولانا امتیاز صدیقی، گلگت بلتستان کے صدر شیخ مرزا علی، بلوچستان کے صدر مولانا ہدایت الرحمان، خیبرپختونخوا کے صدر عبدالواسع، پنجاب کے صدر محمد جاوید قصوری، ڈاکٹر طارق سلیم اور حافظ محمد اسلم نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پہلگام کے جھوٹ کیساتھ بھارت نے حماقت، بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ کیا ہے۔
پوری قوم بھارت کی شیطانی، مکارانہ اور امن کے لیے تباہ کن جارحیت کے مقابلہ میں سیسہ پلائی دیوار بن کر پوری قوت کیساتھ یک جان اور یک آواز ہے. 25 کروڑ پاکستانی عوام ملک کے دفاع کے لیے ہر طرح کی قربانی دیں گے انہوں نے کہاکہ مملکتِ خداداد پاکستان کی حفاظت ہر شہری پر فرض ہوگئی ہے. افواجِ پاکستان نے دلیری اور شجاعت کی اپنی روایت کو برقرار رکھنے ہوئے بھارتی بزدلانہ حملے کا بروقت اور بھرپور جواب دیا ہے ،ملی یکجہتی کونسل کے قائدین نے کہاکہ یہ بھارت کی بزدلی ہی ہے کہ وہ شہری آبادیوں میں مساجد اور معصوم بچوں، خواتین کو نشانہ بنارہی ہے. بھارت نے جارحیت کے ذریعے جنگ مسلط کرکے پوری ملت کو للکارا ہے. یہ وقت تمام دینی، سیاسی، سماجی اور سول سوسائٹی کے اتحاد کا وقت ہے۔
عوام دفاعِ پاکستان کی خاطر بھارتی جارحیت کا جہادی جذبے کیساتھ افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں. عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ انڈیا نے جنگ کا محاذ اس لیے کھولا ہے کہ غزہ میں فلسطینیوں پر اسرائیلی صیہونی جنگی جرائم، نسل کشی سے توجہ ہٹائی جائے. سندھ طاس معاہدہ کو یکطرفہ طور پر معطل کرکے بھارت نے پاکستان کے خلاف آبی دہشت گردی کا بھی آغاز کردیا ہے انہوں نے کہاکہ یہ امر بالکل واضح ہے کہ عالمی قوتیں بھارتی جاحیت کے بڑھتے قدم روکیں وگرنہ پاک بھارت جنگ ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کی طرف بھی جاسکتی ہے، جس سے نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ پوری دنیا متاثر ہوگی،انہوں نے کہاکہ وقت آگیا ہے کہ حکومت، پالیسی ساز اور عساکرِ پاکستان پوری جرآت اور استقامت کیساتھ بھارتی جارحیت کا جواب دیں. اس وقت بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتِ حال انتہائی تشویشناک ہے. بیرونی جنگی محاذ پر ہمہ وقت تیاری اور بھرپور جوابی کارروائی کیساتھ ساتھ وفاقی اور صوبائی حکومتیں، سکیورٹی ادارے اندرونی محاذ پر بھی توجہ مرکوز رکھیں اور محب وطن سیاسی قوتوں کیساتھ مل کر مسائل کا حل نکالیں. عوام بھی اپنی صفوں کے اندر یکجہتی، اتحاد و اتفاق کی فضا کو قائم رکھیں اور دشمن کو اندرونی طور پر عدم استحکام پیدا کرنے کا موقع نہ دیں۔
مِلی یکجہتی کونسل آئمہ کرام سے اپیل کرتی ہے کہ 9 مئی بروز جمعہ ملک بھر کی مساجد میں جہاد کے موضوع پر خطاب ہو اور پوری قوم افواجِ پاکستان کیساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے "یومِ عزمِ دفاعِ پاکستان” منائیں، ریلیاں نکالیں. انشااللہ! اللہ کی نصرت آئے گی اور انڈیا ناکام و نامراد ہوگا۔