بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان کا تمام ہمسایہ ملکوں کے ساتھ پرامن تعلقات کے فروغ کےعزم کا اعادہ

پاکستان نے اقوا م متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن اور تعاون پر مبنی تعلقات کا عزم دہرایا ہے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے عاصم افتخار نے ایک پریس اسٹیک آئوٹ میں پاک بھارت کوئسچن پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے بندکمرے کے مشاورتی اجلاس کے دوران پاکستان کے اٹھائے گئے نکات کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان باہمی احترام اور مساوی خود مختاری کی بنیاد پر مذاکرات کیلئے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پہلگام واقعہ کی ایک آزاد شفاف، غیرجانبدار اور مستند تحقیقات پر بھی زوردیا ہے۔عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان نے پہلگام دہشت گرد حملے میں پاکستان کو ملوث کرنے کی بھارتی کوشش کویکسر مسترد کردیا جس کی پاکستان اور کونسل کے تمام ارکان نے مذمت کی ہے۔عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی پر تشویش کا اظہارکیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سلامتی کونسل اور سیکرٹری جنرل پر بھی زوردیا ہے کہ وہ امن کے قیام اور محفوظ سفار ت کاری میں متحرک رہیں۔

اشتہار
Back to top button