
نائب وزیراعظم کا علاقائی امن وسلامتی کیلئے پاکستان کے عزم کا اظہار
نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ محمد اسحق ڈار نے علاقائی امن وسلامتی کیلئے پاکستان کے عزم کا اظہارکیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ کا حق رکھتا ہے ۔نائب وزیراعظم نے آج ملائیشیا کے وزیرخارجہ داتو سری محمد حسن سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اورانہیں موجودہ علاقائی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا ۔
محمد اسحق ڈار نے واضح طورپر بھارت کے اشتعال انگیز اقدامات کو مسترد کردیا جن میں بے بنیاد الزامات، شر انگیز پراپیگنڈا اورسندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کا یکطرفہ اور غیرقانونی اقدام شامل ہے۔نائب وزیراعظم نے ان اقدامات کو معاہدے کی شقوں اور بین الاقوامی قانونی ذمہ داریوں کی صریح خلاف ورزی قراردیا ۔
ملائیشیا کے وزیر خارجہ داتو سری محمد حسن نے پاکستان کے موقف کی حمایت کی اور تمام فریقوں پرزوردیا کہ وہ صبروتحمل کا مظاہرہ کریں۔دونوں رہنمائوں نے تازہ ترین صورتحال پر قریبی رابطہ رکھنے پر اتفاق کیا۔