
پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہے، عاصم افتخار
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے عاصم افتخار احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہے۔نیویارک میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے جارحانہ اقدامات سے پیدا ہونے والی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور جب مناسب ہوا تو ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کریں گے۔
پاکستانی ایلچی نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ سلامتی کونسل کو درحقیقت مینڈیٹ حاصل ہے، پاکستان سمیت کونسل کے کسی بھی رکن کے لیے اجلاس کی درخواست کرنا انتہائی جائز ہوگا۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کی جانب سے کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان اور بھارت دونوں کو اچھے دفاتر کی پیشکش کے بارے میں پوچھے جانے پر سفیر عاصم نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے سربراہ کے اقدام کا خیرمقدم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ درحقیقت پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی طرف سے کسی بھی امن اقدام کے لیے اپنے تعاون کی پیشکش کی ہے۔