
پاکستان،برطانیہ کا گرین کمپیکٹ اہداف کے حصول کے عزم کا اعادہ
برطانیہ کےدو رکنی وفد نے جس کی قیادت اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمیشن کی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ جو موئر کررہی تھیں۔ وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی، سینیٹر مصدق مسعود ملک سے ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد پاکستان-برطانیہ گرین کمپیکٹ کے تحت دو طرفہ تعاون کو فروغ دینا تھا۔ملاقات میں پاکستان میں موسمیاتی اقدامات کو تیز کرنے، قدرتی وسائل کے تحفظ اور موسمیاتی لچک کو مضبوط بنانے سے متعلق آئندہ مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فریقین نے گرین کمپیکٹ کے اہداف کے حصول کے لیے اپنے باہمی عزم کا اعادہ کیا — جو کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین ایک اہم سیاسی شراکت داری ہے، جس کا مقصد موسمیاتی تبدیلی، حیاتیاتی تنوع، اور سبز معیشت کے فروغ کے لیے مشترکہ عملی اقدامات کو فریم ورک فراہم کرنا ہے۔وفاقی وزیر مصدق ملک نے گفتگو کے دوران اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر فوری معاونت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے برطانیہ کی تکنیکی اور مالی مدد، خاص طور پر جدید فنانسنگ ذرائع اور استعداد کار بڑھانے والے پروگرامز کے تسلسل کا خیرمقدم کیا۔جو موئر نے اس موقع پر کہا کہ برطانیہ پاکستان سمیت دیگر متاثرہ ممالک کے لیے موسمیاتی مالی وسائل کو متحرک کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گرین کمپیکٹ نجی شعبے کی سرمایہ کاری، تحقیقی شراکت داریوں اور پالیسی ڈائیلاگ کو فروغ دینے کے لیے تیار کیا گیا ہے تاکہ کم کاربن معیشت، موسمیاتی موافقت، اور صاف توانائی کی منتقلی کو یقینی بنایا جا سکے