
فغان شہریوں اور غیر قانونی تارکین وطن کے بغیر قانونی دستاویزات کے پاکستان میں قیام میں مزید توسیع کو مسترد
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے افغان شہریوں اور غیر قانونی تارکین وطن کے بغیر قانونی دستاویزات کے ملک میں قیام میں مزید توسیع کو مسترد کر دیا ہے۔جمعہ کو اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغان شہریوں اور غیر قانونی تارکین وطن کی ملک بدری کا عمل ایک دستاویزی نظام کے دوسرے مرحلے کے تحت جاری ہے۔وزیر مملکت نے کہا کہ افغان شہریوں کو ٹرانزٹ پوائنٹس پر بورڈنگ، صحت اور سیکیورٹی سمیت تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور وزارت خارجہ بھی افغان حکومت کے ساتھ اپنے شہریوں کی باحفاظت حوالگی کے لیے کوآرڈینیشن میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سے اب تک نو لاکھ سات ہزار سے زائد افغان شہریوں کو ان کے ملک بھیجا جا چکا ہے۔وزیر مملکت نے متنبہ کیا کہ اگر کوئی پاکستانی شہری غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو ملازمت، کرایہ پر رہائش، ہوٹل میں رہائش، منقولہ یا غیر منقولہ جائیداد دینے میں ملوث پایا گیا تو اس کے ذمہ دار ہوں گے۔طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے افغان شہریوں کو دو سالوں میں سولہ مختلف کیٹیگریز میں دس لاکھ سے زائد ویزے جاری کیے گئے۔