
مارچ میں ماہانہ بنیادوں پر تاریخ کا سب سے بڑا کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ریکارڈ
مارچ 2025 میں کرنٹ اکاؤنٹ ایک ارب 19 کروڑ 50 لاکھ ڈالر سرپلس رہا، یہ تاریخ میں سب سے ماہانہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہے، گزشتہ برس اسی مہینے میں کرنٹ اکاؤنٹ 36 کروڑ 30 لاکھ ڈالر سرپلس رہا تھا۔اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال 2025 کے پہلے 9 ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ ایک ارب 85 کروڑ 90 لاکھ ڈالر سرپلس رہا جبکہ گزشتہ مالی سال جولائی تا مارچ کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ میں ایک ارب 65 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کا خسارہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
مارچ 2025 میں اشیا کی برآمدات2 ارب 76 کروڑ 80 لاکھ ڈالر جبکہ درآمدات 4 ارب 94 کروڑ 90 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی، اس طرح مارچ 2025 میں 2 ارب 18 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کا تجارتی خسارہ ہوا۔اعداد و شمار کے مطابق مارچ میں خدمات کی برآمدات 74 کروڑ 40 لاکھ ڈالر جبکہ درآمدات 97 کروڑ ڈالر رہیں، اس طرح خدمات کی تجارت میں 22 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا خسارہ ریکارڈ کیا گیا۔دریں اثنا، عارف حبیب لمیٹڈ نے رپورٹ کیا کہ یہ مارچ 2025 میں تاریخ میں سب سے زیادہ 1.2 ارب ڈالر کا ماہانہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہے۔