
پاکستان اورہنگری کا مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پراتفاق
پاکستان اورہنگری نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور اقوام متحدہ سمیت دوسرے کثیرجہتی فورمز پر اشتراک کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔یہ اتفاق رائے آج (جمعرات) اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ہنگری کے وزیر خارجہ پیٹر سجارتو کے درمیان ملاقات میں ہوا۔بعد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملک زراعت، توانائی، صحت عامہ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور صنعتی پیداوار جیسے شعبہ جات میں تعاون میں دلچسپی رکھتے ہیں۔اسحاق ڈار نے اس تعلق کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور پاکستان کی ترقی میں ہنگری کے کردار کو سراہا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے ہنگری کے وزیر خارجہ کو مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف سمیت علاقائی امور سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطین کے حق خودارادیت اور مسئلے کے دو ریاستی حل کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ہنگری کے وزیر خارجہ نے دوہزار ستائیس کے بعد بھی پاکستان کا جی ایس پی پلس درجہ جاری رکھنے کی ایک بار پھر حمایت کی۔