
پاکستان میں "چائنا چیمبر آف کامرس” کے قیام کی تیاری
پاکستان میں چینی کاروباری اداروں نے "چائنا چیمبر آف کامرس ان پاکستان” کے قیام کے لیے باضابطہ اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ اس حوالے سے متعلقہ حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ چیمبر کے قیام کے لیے ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشنز (DGTO) سے لائسنس حاصل کرنے کے بعد اسے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) میں رجسٹر کرایا جائے گا۔
چیمبر کے مجوزہ قیام کے پیچھے نمایاں چینی کاروباری ادارے شامل ہیں جن میں چائنا انرجی انٹرنیشنل گروپ کمپنی لمیٹڈ، انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک آف چائنا لمیٹڈ (کراچی برانچ)، اور بینک آف چائنا (کراچی برانچ) شامل ہیں۔
اس اقدام کا مقصد پاکستان میں موجود چینی کاروباری برادری کے مفادات کا تحفظ، دو طرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینا، اور مشترکہ کاروباری مواقع کو بہتر انداز میں فروغ دینا ہے۔ذرائع کے مطابق، چیمبر کے قیام سے نہ صرف پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کو مزید استحکام ملے گا بلکہ پاک-چین اقتصادی تعاون کے نئے باب بھی کھلیں گے۔