
ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر، پاکستان کی مسلسل تیسری فتح، ویسٹ انڈیز کو 65 رنز سے شکست دیدی
آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کے سلسلے میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے مسلسل تیسری فتح حاصل کی اور ویسٹ انڈیز کو 65 رنز سے شکست دے دی۔ پاکستانی ٹیم نے 50 اوورز میں 191 رنز بنائے، جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 40 اوورز میں صرف 126 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کی باولنگ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس کی بدولت ویسٹ انڈیز کی ٹیم مطلوبہ ہدف تک نہ پہنچ سکی۔ فاطمہ ثنا نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جب کہ نشرہ سندھو اور رامین شمیم نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سعدیہ اقبال نے ایک وکٹ حاصل کی اور ویسٹ انڈیز کی 2 کھلاڑی رن آؤٹ ہوئیں۔
پاکستانی بیٹرز کی جانب سے سدرہ امین نے 94 بالز پر 54 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر کا اعزاز حاصل کیا، جب کہ اوپننگ بیٹر منیبہ علی نے 60 بالز پر 33 رنز بنائے۔ عالیہ ریاض نے 35 بالز پر 20 رنز اسکور کیے، اور سدرہ نواز نے 28 بالز پر 23 رنز بنائے۔
ویسٹ انڈیز کی باؤلنگ میں ایفی فلیچر نے 39 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ہیلی میتھیوز نے 30 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔