
سپیکرقومی اسمبلی کی اوورسیزپاکستانیوں کی فلاح وبہبود کیلئے اقدامات کی یقین دہانی
سپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق نے سمندر پار پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور سہولت کیلئے اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔آج (پیر) اسلام آباد میں سمندر پار پاکستانیوں کے پہلے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سمندر پار پاکستانیوں کی زمین پر قبضہ کرنے والوں کیلئے سخت سزا ہونی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں قانون سازی متعلقہ وزارتوں سے صلاح مشورے کے بعد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتوں سے بھی اس بارے میں رابطہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی ملک کے سفیر ہیں اور وہ مختلف شعبوں میں ترقی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی طرف سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر سے ہماری معیشت مستحکم ہوئی ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے آن لائن پلیٹ فارم قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سفارتخانے نہ جانا پڑے۔کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سمندر پار پاکستانیوں کے وزیر چودھری سالک حسین نے ملکی معیشت کو مستحکم بنانے میں سمندر پار پاکستانیوں کے قابل قدر کردار کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں نے ایک ماہ میں چار ارب دس کروڑ ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات زر کی ہیں۔