بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کا کل رنگارنگ تقریب سے آغاز ہوگا

پاکستانی شائقین کے دلوں کے قریب ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کا جمعہ کے روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک رنگارنگ تقریب سے آغاز ہوگا ۔

اس بار ایچ بی ایل پی ایس ایل کی خاص بات یہ ہے کہ یہ ایک دہائی پر محیط اپنا سفر مکمل کررہی ہے۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل10 کے میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور ۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی اور نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور 18 مئی کو ہونے والے فائنل کی میزبانی کرے گا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والی افتتاحی تقریب میں ملک کے مشہور فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کرینگے جن میں عابدہ پروین ۔علی ظفر ۔ابرار الحق۔ نتاشہ بیگ ۔ طلحہ انجم اور ینگ اسٹنرز شامل ہیں ۔اس موقع پر شائقین کی دلچسپی کے لیے آتشبازی کا خوبصورت مظاہرہ بھی ہوگا۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل کا افتتاحی میچ رات ساڑھے آٹھ بجے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

اسلام آباد یونائٹڈ واحد ٹیم ہے جس نے ایچ بی ایل پی ایس ایل تین مرتبہ ( 2016 ۔ 2018 ۔ 2024 ۔ ) جیتی ہے جبکہ لاہور قلندرز نے دو مرتبہ ( 2022۔ 2023۔ ) ٹائٹل جیتا ہے۔

اسلام آباد یونائٹڈ کی قیادت شاداب خان کرینگے جبکہ لاہور قلندرز شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں میدان میں اترے گی۔دونوں ٹیموں کو تجربہ کار ملکی اور غیرملکی کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں۔

اسلام آباد یونائٹڈ نے ابتک پی ایس ایل میں مجموعی طور پر 100 میچز کھیلے ہیں جن میں سے55 جیتے ہیں اور44 میں اسے شکست ہوئی ہے ایک میچ ٹائی ہوا ہے۔
لاہور قلندرز نے 94میں سے 40 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ 51 میں اسے شکست ہوئی ہے اور 3 میچز ٹائی ہوئے ہیں۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل10 میں کرکٹ کے دنیا کے کئی بڑے نام کمنٹری میں نظر آئیں گے جن میں انگلینڈ کے سابق کپتان سر الیسٹر کک اور ایم سی سی کے سابق صدر مارک نکولس کے نام قابل ذکر ہیں۔ایچ بی ایل پی ایس ایل میں شائقین کی دلچسپی کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں جن میں پہلی مرتبہ ہر میچ میں مکمل اردو کمنٹری ، میچوں کے دوران ریفل ٹکٹ کے ذریعے انعامات اور نئی جدت کے ساتھ پلیئر ٹریکنگ ٹیکنالوجی کا متعارف کرایا جانا شامل ہے۔

ناظرین اس پی ایس ایل میں 32 کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ کوریج کے اعلی معیار سے لطف اندوز ہوسکیں گے اور یہ ایونٹ مختلف چینلز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے دنیا بھر میں دیکھا جاسکے گا۔

دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اپنے شائقین کے سامنے اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے پرجوش ہے۔ آپ کو اس سیزن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا ایک مختلف روپ دیکھنے کو ملے گا۔

دفاعی چیمپئن ہونے کے ناتے ہم اس سیزن میں بھی مستقل مزاج کارکردگی کو جاری رکھنے کی کوشش کرینگے۔

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل ایک بہت بڑا برانڈ بن چکی ہے کہ ملک کے ہر خاندان میں مختلف ٹیموں کے سپورٹرز ہیں جبکہ تمام شائقین اس لیگ کا پورا سال انتظار کرتے ہیں۔ جو بھی ٹورنامنٹ جیتے گا وہ اس ملک کے لیے کامیاب ہوگا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند سیزن کوئٹہ کے لیے اچھے نہیں رہے اور دیگر تمام ٹیموں کی طرح ہم نے بھی معیاری اسکواڈ کو جمع کرنے کی پوری کوشش کی ہے ۔ ہم اس بار اچھا کھیلنے اور شائقین کی تفریح کے لیے پر امید ہیں۔

لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کا ایک اہم مقصد معیاری کھلاڑیوں کی تیاری اور انہیں سامنے لانا رہا ہے اور ہم لیگ کے 10ویں ایڈیشن میں بھی اس مقصد پر قائم رہیں گے۔ امید ہے کہ ہماری ٹیم اس سیزن میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ اس سیزن میں ہم اس بات پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں کہ ہم نے پچھلے دو ایڈیشنز میں کیا کھویا اور انہی غلطیوں کو نہ دہرایا جائے۔ ہم نے بولنگ اور بیٹنگ دونوں شعبوں میں اپنا مرکز مضبوط کیا ہے تاکہ ہم کھیل کے کسی بھی مرحلے پر جدوجہد نہ کریں۔

کراچی کنگز کے نائب کپتان حسن علی کا کہنا ہے کہ کراچی کنگز نے اپنی بیٹنگ میں فائر پاور لانے کے لیے اپنا کامبی نیشن تبدیل کیا ہے اور ہم ابتدا ہی سے جارحانہ انداز میں کھیلنے کا ارادہ رکھتے ہیں کیونکہ پاور پلے آپ کے جیتنے کے امکانات کو بڑھانے کی کلید ہے۔

اشتہار
Back to top button