
آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر: پاکستان ویمنز نے آئرلینڈ ویمنز کو 38 رنز سے ہرادیا
پاکستان ویمنز نے آئرلینڈ ویمنزکو آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر کے پہلے میچ میں 38 رنز سے شکست دے دی۔
اس میچ کی خاص بات عالیہ ریاض اور سدرہ امین کی نصف سنچریاں جبکہ نشرہ سندھو ، ڈیانا بیگ اور سعدیہ اقبال کی شاندار بولنگ تھی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں بدھ کے روز کھیلے گئے میچ میں آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ دی جو 49 اوورز میں217 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
آئرلینڈ کی ٹیم جواب میں 44 اوورز میں 179 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی اننگز میں عالیہ ریاض نے چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے52 رنز بنائے۔ سدرہ امین نے51 رنز کی اننگز کھیلی جس میں تین چوکے شامل تھے۔منیبہ علی نے 32 رنز اسکور کئے۔
منیبہ علی اور سدرہ امین نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 77 رنز کا اضافہ کیا۔ سدرہ امین اور عالیہ ریاض کے درمیان تیسری وکٹ کی شراکت میں 72 رنز بنے۔
آئرلینڈ کی طرف سے جین میگائر نے 33 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔آرلین کیلی اور کارا مرے نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
آئرلینڈ کی اننگز میں کپتان گیبی لوئس اور ایمی ہنٹر نے 44 ۔ 44 رنز اسکور کیے۔ ان دونوں کو نشرہ سندھو نے آؤٹ کیا۔انہوں نے اپنی تیسری وکٹ لورا ڈیلینی کو آؤٹ کرکے حاصل کی۔ انہوں نے 41 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
ڈیانا بیگ اور سعدیہ اقبال نے بھی شاندار بولنگ کرکے آئرلینڈ کی بیٹنگ کو بکھیر کر رکھ دیا۔
ڈیانا بیگ نے35 رنز دے کر4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔انہوں نے ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنی وکٹوں کی نصف سنچری بھی مکمل کرلی۔
سعدیہ اقبال نے33 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ایک موقع پر آئرلینڈ نے2 وکٹوں پر113 رنز بنائے تھے لیکن پاکستانی بولرز کی عمدہ کارکردگی کے نتیجے میں اس کی آخری 8 وکٹیں اسکور میں صرف66 رنز کا اضافہ کرپائیں۔
پاکستان ویمنز ٹیم اپنا دوسرا میچ جمعہ کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔