
ڈی جی اے این ایف میجر جنرل عبدالمعید ہلال کا بلوچستان کا دو روزہ دورہ، پوست تلفی مہم کا جائزہ لیا
اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عبدالمعید ہلال نے 7 اپریل 2025 کو بلوچستان کا دو دن کا دورہ کیا، جس دوران انہوں نے پوست تلفی مہم اور منشیات کے خلاف جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران اے این ایف اور محکمہ ایکسائز و اینٹی نارکوٹکس بلوچستان کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کی تقریب بھی ہوئی۔ یہ تقریب ریجنل ڈائریکٹوریٹ اے این ایف بلوچستان/کوسٹل میں منعقد کی گئی، جس میں سیکریٹری ایکسائز بلوچستان ظفر علی اور بریگیڈیئر عدنان دانش نے ایم او یو پر دستخط کیے۔
یہ مفاہمتی یادداشت وفاقی اور صوبائی سطحوں پر منشیات کے خلاف کارروائیوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ایک اہم قدم ہے، اور یہ وفاقی حکومت کی انٹر ایجنسی ٹاسک فورس (IATF) کے فریم ورک کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔ اس کے ذریعے وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان مشترکہ اقدامات کی بنیاد رکھی گئی ہے تاکہ منشیات کے خلاف جنگ کو موثر بنایا جا سکے۔
8 اپریل کو میجر جنرل عبدالمعید ہلال نے لورالائی اسکاؤٹس ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایف سی اور سول انتظامیہ سے ملاقات کی۔ کمانڈنٹ لورالائی اسکاؤٹس بریگیڈیئر نوید قلب عباس نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر میجر جنرل عبدالمعید ہلال نے منشیات کے خاتمے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
دورے کے دوران، اے این ایف نے پوست کی غیر قانونی کاشت میں ملوث افغان باشندوں کو گرفتار کیا۔ ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔اے این ایف کے ترجمان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فورس ملک کو منشیات کی لعنت سے محفوظ بنانے کے لیے اپنی انتھک کوششیں جاری رکھے گی اور منشیات کے خلاف کامیاب کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھے گی۔