بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

حکومت توانائی شعبے میں طویل المدتی اصلاحات لانے کے لیے کوشاں ہے، وزیراعظم

وزیر اعظم شہباز شریف سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں تین رکنی وفد نے آج اسلام آباد میں ملاقات کی اور بجلی کی قیمتوں میں حالیہ کمی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے وفد کو بتایا کہ حکومت توانائی کے شعبے میں طویل المدتی اصلاحات لانے کے لیے انتھک محنت کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات کا مقصد عام لوگوں کی زندگیوں میں آسانی پیدا کرنا ہے۔

شہباز شریف نے عوامی ریلیف کو ترجیح دینے کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیلنجز کے باوجود پاکستان ترقی کا سفر جاری رکھے گا۔علاوہ ازیں شہباز شریف اور حافظ نعیم الرحمن نے غزہ میں اسرائیل کی بلا اشتعال بمباری اور نہتے فلسطینیوں پر ظلم و ستم پر عالمی برادری کی خاموشی پر تشویش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے غزہ میں نہتے فلسطینیوں کے خلاف جاری اسرائیلی جبر و استبداد کے خلاف ہر عالمی فورم پر آواز اٹھانے اور ان کی حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔وفد میں جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ اور آصف لقمان قاضی شامل تھے۔

اشتہار
Back to top button