
پاکستان منرلز انوسٹمنٹ فورم نے کان کنی کے پائیدار دور کی بنیاد رکھی ہے،احمد حیات
او جی ڈی سی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر احمد حیات ملک نے کہا ہے کہ پاکستان منرلز انوسٹمنٹ فورم نے پاکستان میں کان کنی کے جامع ، ذمہ دار اور پائیدار دور کی بنیاد رکھی دی ہے۔انہوں نے آج اسلام آباد میں پاکستان منرلز انوسٹمنٹ فورم کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نہ صرف معدنیات کی دولت سے مالا مال ہے بلکہ وہ سرمایہ کاری کے لئے بھی تیار ہے۔ انہوں نے اس صنعت
کو مل کر تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا جو نہ صرف منافع بخش ہے بلکہ ایک موزوں صنعت ہے۔او جی ڈی سی ایل کے ایم ڈی نے سرمایہ کاری فورم کے کامیاب انعقاد کیلئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل اور دوسرے محکموں کے تعاون کو بھی سراہا۔
اس سے قبل ریکوڈک مائننگ کمپنی کے نمائندوں نے فورم کو ریکوڈک کے قابل عمل ہونے کے بارے میں بتایا۔انہوں نے کہا کہ ریکوڈک عالمی سطح پر تانبے اور سونے کے سب سے اہم منصوبوں میں سے ایک ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ریکو ڈک سے تانبے اور سونے کی پیداوار سال 2028 میں شروع ہو جائے گی۔انہوں نے ریکوڈک سے سونا اور تانبا نکالنے کے عمل اور اس مقصد کے لئے استعمال ہونے والے بنیادی ڈھانچے پر بھی روشنی ڈالی۔