
پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما تاج حیدر انتقال کر گئے، بلاول بھٹو کا اظہار افسوس
پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور بزرگ سیاستدان سینیٹر تاج حیدر مختصر علالت کے بعد 84 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ اہل خانہ نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تاج حیدر کراچی کے مقامی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔پیپلزپارٹی کے سینیٹر وقار مہدی نے کہا ہے کہ تاج حیدر کی سیاسی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا، وہ ہمارے دیرینہ ساتھی اور بہترین سیاسی کارکن تھے، تاج حیدر پیپلزپارٹی کے بنیادی ونظریاتی کارکنان میں سے ایک تھے۔
پیپلزپارٹی کے چیئررمین بلاول بھٹو زرداری نے سینیٹر تاج حیدر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تاج حیدر کی سیاسی اور سماجی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکے گا۔ان کا کہنا تھا کہ تاج حیدر تہذیب اور شائستگی کا ایک باوقار پیکر تھے، ان کی جمہوریت کے لیے جدوجہد اور قربانیاں نئی نسل کے لیے مشعل راہ ہیں۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ تاج حیدر پاکستانی سیاست میں شعور اور دانش کی ایک شناخت تھے، ان کے انتقال سے دلی دکھ اور صدمہ ہوا۔
تاج حیدر 8 مارچ 1942 کو راجستھان کے شہر کوٹہ میں پیدا ہوئے، تقسیم ہند کے بعد ان کا خاندان ہجرت کر کے پاکستان آگیا تھا۔تاج حیدر نہ صرف سیاست دان تھے بلکہ ایک معروف دانشور، ڈرامہ نگار اور کالم نگار بھی تھے، انہوں نے متعدد اخبارات میں کالمز بھی لکھے، وہ سیاسی اور ادبی دونوں حلقوں میں سرگرم رہے، وہ اکثر آئینی حقوق، جمہوریت اور پسماندہ افراد کو بااختیار بنانے کے لیے آواز بلند کیا کرتے تھے۔تاج حیدر پاکستان پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر 2021 سے 2027 تک سینیٹر منتخب ہوئے تھے، اس سے قبل وہ 2012 سے 2018 تک بھی سینیٹر رہ چکے تھے، وہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط و استحقاق کے چیئرمین تھے۔