
صدر مملکت اور وزیراعظم کی قوم کو عید الفطر کی مبارکباد
صدر مملکت آصف علی زرداری نے پوری قوم اور عالم اسلام کو عید الفطر کی مبار کباد دیتے ہوئے کہا ہےکہ خوشی کا یہ دن ہمیں رمضان المبارک کی برکتوں، عبادات اور تقویٰ کے سفر کے بعد نصیب ہوتا ہے۔ صدر نے اپنے پہغام میں کہا کہ عیدالفطر اللہ تعالیٰ کا انعام ہے جو اللہ نے ہمیں روزے کی مشقت پر عطا کیا ہے۔
صدر مملکت نے کہاکہ ہمیں آپس میں بھائی چارے کو فروغ دینا ہے تاکہ ہمارا ملک ایک مضبوط اور خوشحال ریاست کے طور پر ابھرے۔ اس موقع پر میں اہل مقبوضہ جموں و کشمیر کیلئے بھی دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ انہیں جلد آزادی کے ساتھ عید نصیب فرمائے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی عید الفطر پر قوم کو مبارک باد دی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عیدالفطر خوشی، شکر گزاری، اخوت اور ہمدردی کا درس دیتی ہے۔قوم کو عیدالفطر کی مبارک باد کے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ رمضان کی تربیت کو زندگی میں جاری رکھنے کی ضرورت ہے، عیدالفطر کا دن اخوت، ہمدردی، شکر گزاری اور خوشی کا درس دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اندرونی و بیرونی خطرات لاحق ہیں، ہمیں متحد ہونا ہوگا، ہمیں انتہا پسندی، نفرت اور فرقہ واریت سے بچنا ہوگا۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ معاشی استحکام اور قومی یکجہتی ہم سب کی ذمہ داری ہے، حکومت اقتصادی بحالی اور امن و امان کےلیے بھرپور کوشش کر رہی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے، پاک فوج کے شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ جعفر ایکسپریس سانحے کے شہداء کے درجات کی بلندی کےلیے دعاگو ہیں، فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، عید کی خوشیوں میں مستحقین کو شریک کریں، فلاحی معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں۔شہباز شریف نے کہا کہ اللّٰہ ہمیں عید کے حقیقی پیغام کو سمجھنے کی توفیق دے، پاکستان ہمیشہ مظلوم مسلمانوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔