
بھارت اقلیتوں کے حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہا ہے،دفترخارجہ
پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت اقلیتوں کے حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے لوک سبھا میں بھارتی وزیر خارجہ کے شرانگیز بیان کے حوالے سے صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھارت منظم طریقے سے اقلیتوں کے خلاف نفرت، امتیاز اور تشدد کو ہوا دے رہا ہے اور وہ اقلیتی حقوق کا علمبردار کہلانے کا ہرگز حقدار نہیں۔
شفقت علی خان نے مختلف واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کا ریکارڈ اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کے حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں کی وجہ سے انتہائی خراب ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں ریاستی ادارے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے بھرپور سرگرم ہیں اور یہ ملکی پالیسی ہے۔اس کے برعکس بھارت میں حکمرانوں میں موجود عناصر کی آشیرباد سے اقلیتوں کو نشانہ بنانے کے واقعات کی خاموشی سے منظوری دے دی جاتی ہے اور وہ خود بھی ایسے واقعات میں اکثر ملوث ہوتے ہیں۔