بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

روس کا پاکستان کے ساتھ مضبوط دوستی پر زور

پاکستان میں روسی فیڈریشن کے سفیر البرٹ خوریف نے پاکستان اور روس کے درمیان مضبوط دوستی پر زور دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج اسلام آباد ایئرپورٹ پر منعقدہ ایک تقریب میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے حوالے سے انسانی امداد باضابطہ طور پر حوالے کرتے ہوئے کیا۔روسی حکومت کے خصوصی طیارے نے پاکستانی عوام کے لیے تیس ہزار کلو گرام امدادی سامان ماسکو سے اسلام آباد پہنچایا۔

وزارت خارجہ، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے سینئر حکام ایئرپورٹ پر موجود تھے۔روسی سفیر نے 2005 میں دو زلزلوں اور 2022 میں آنے والے سیلاب کے بعد اپنے ملک کی طرف سے پاکستان کے لیے انسانی امداد کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انسانی امداد کی اس تازہ ترین کھیپ کا مقصد پاکستان میں امدادی سرگرمیوں میں مدد کرنا ہے۔

ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ برائے یورپ، سفیر شفقت علی خان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد پر روسی حکومت اور اس کے عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ حمایت ہمارے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ مضبوط دوستی اور یکجہتی کی علامت ہے۔بعد ازاں، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مزید تقسیم کے لیے امداد پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کو منتقل کر دی۔

اشتہار
Back to top button