بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان کا امریکہ کے ٹی ٹی پی کو عالمی امن کیلئے خطرہ تسلیم کرنے کاخیرمقدم

پاکستان نے امریکہ کی طرف سے اس حقیقت کو تسلیم کرنے کا خیر مقدم کیا ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی سے عالمی امن و سلامتی کو خطرات درپیش ہیں۔دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے آج (جمعرات)اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں کہاکہ انسداد دہشت گردی کے شعبے میں پاک امریکہ تعاون میں کوئی اختلاف نہیں اور یہ مستقبل میں جاری رہے گا۔

پاکستان کے تجارتی اداروں پر حال ہی میں امریکہ کی طرف سے عائد کردہ برآمدی پابندیوں کے نفاذ سے متعلق ترجمان نے کہا کہ ایسے متعصبانہ اور سیاسی بنیادوں پر کئے گئے اقدامات عالمی برآمدات کے مقاصد کے لئے نقصان دہ ہیں اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے ٹیکنالوجی تک ضروری رسائی میں خلل کا موجب ہیں۔

پاکستان سے متعلق امریکی ایوان نمائندگان میں پیش کئے گئے ایک بل کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ کانگریس کے ایک رکن کا انفرادی اقدام ہے۔ترجمان نے امید ظاہر کی کہ امریکی کانگریس پاک امریکہ تعلقات کے استحکام میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی اور دونوں ملکوں کے مفاد میں باہمی تعاون پر توجہ دے گی۔انہوں نے روس یوکرین محدود جنگ بندی پر حالیہ اتفاق کا خیر مقدم کیا جس کے تحت توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں سے گریز کیا جائے گا اور بحیرہ اسود میں محفوظ جہاز رانی یقینی بنائی جائے گی۔

اشتہار
Back to top button