
یوم پاکستان: مسلح افواج کی پریڈ، شیردل فارمیشن کا فلائی پاسٹ
یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر میں تینوں مسلح افواج کی مشترکہ پریڈمیں پاک فوج ، پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کےچاق و چوبند دستوں نےمارچ پاسٹ کیا، قومی پرچم کو سلامی دی،شیردل فارمیشن نےفلائی پاسٹ کیا۔ اتوار کو ایوان صدر میں منعقد ہونے والی پریڈ کے مہمان خصوصی صدر مملکت آصف زرداری تھے۔
تقریب میں سروسز چیفس، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی کے علاؤہ غیرملکی سفیروں سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔ صدر مملکت آصف زرداری روایتی بگھی میں تقریب میں پہنچے ، بگل بجا کر اعلان کیا گیا، صدر مملکت نے استقبالیہ کمیٹی کے ارکان سے مصافحہ کیا، وزیراعظم شہباز شریف، وزیر دفاع خواجہ آصف اور مسلح افواج کے سربراہان اسٹیج پر موجود رہے۔
یوم پاکستان کی پریڈ میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کرکے دشمن پر لرزہ طاری کر دیا، پاک فضائیہ کی شیر دل فارمیشن نے شاندار فضائی مظاہرہ کیا، جے ایف 17 تھنڈر، ایف 16، جے 10 سی، میراج طیاروں کے ذریعے شاندار فلائی پاسٹ کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے یوم پاکستان کی تقریب کے شرکا کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کے دن لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں کی یاد تازہ کرتے ہیں، لاکھوں قربانیوں کی بدولت پاکستان کاخواب حقیقت میں بدلا، شہدا کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ہم نے بہت سی قربانیاں دے کر آزادی حاصل کی۔