بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

اضافی ٹیکسوں کی مد میں وصول ہونیوالی رقم عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر خرچ کی جائے گی:وزیراعظم

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اضافی ٹیکسوں کی مد میں وصول ہونیوالی رقم صحت، تعلیم اورعوامی فلاح و بہبود کے دیگرمنصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔انہوں نے یہ بات لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے بینکوں کی اضافی آمدن پر ونڈ فال ٹیکس کے حکم امتناعی کو خارج کرنے کے فیصلے کے جواب میں ایک بیان میں کہی، جس سے قومی خزانے کو ساڑھے گیارہ ارب روپے اور گزشتہ ماہ کے دوران مجموعی طور پرساڑھے چونتیس ارب روپے کا فائدہ ہوا۔وزیراعظم نے فنانس ایکٹ 2023ء کے تحت بینکوں کی اضافی آمدنی پر عائد ونڈ فال ٹیکس سے متعلق حکم امتناعی کیسز کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر قانون، وزیر خزانہ، اٹارنی جنرل اور چیئرمین ایف بی آر کو ہدایت کی تھی کہ وہ ان مقدمات کی پیروی کے لیے بہترین ٹیم تشکیل دیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ٹیم نے اپنی محنت سے اس تاریخی کامیابی کو ممکن بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اہم اور مضبوط اقدامات ہی ٹیکس وصولی بڑھانے اور معیشت کو بہتر کرنے کا واحد راستہ ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ ساڑھے چونتیس ارب روپے کی خطیر رقم قومی خزانے میں جمع کرائی گئی ہے۔انہوں نے اسی طرح کے اقدامات کے ذریعے پاکستان کو جلد خود کفیل بنانے کا اعتماد ظاہر کیا۔

اشتہار
Back to top button