
معاشی بحران سے نکلنے کے لیے سیاسی اور مذہبی قوتوں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت ہے: ناصر منصور قریشی
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے ملک کو موجودہ معاشی بحران سے نکالنے کے لیے سیاسی اور مذہبی قوتوں کے درمیان زیادہ ہم آہنگی کی فوری ضرورت پر زور دیا ہے۔
ہفتہ کو جاری ایک بیان میں صدر قریشی نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ملک کا معاشی استحکام اور خوشحالی معاشرے کے تمام شعبوں کی اجتماعی کوششوں پر منحصر ہے۔ انہوں نے متنوع سیاسی اور مذہبی پس منظر رکھنے والے رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ اختلافات کو ایک طرف رکھ کر قومی ترقی کے لیے مل کر کام کریں۔
"ہماری قوم کو اہم اقتصادی چیلنجوں کا سامنا ہے جو کہ ایک متحد نقطہ نظر کا تقاضا کرتے ہیں،” صدر قریشی نے کہا کہ "تمام اسٹیک ہولڈرز کو سیاسی اور معاشی استحکام کے حصول کیلئےمل یٹھنا ہوگا، جو کہ پائیدار ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے۔”
آئی سی سی آئی کے صدر نے اس بات پر زور دیا کہ معاشی ترقی کے لیے سیاسی استحکام اور پالیسی میں تسلسل ضروری ہے۔ انہوں نے نوٹ کیا کہ طویل مدتی اور باہمی مشاورت سے ترتیب دی گئی پالیسیاں سرمایہ کاری، اختراعات اور پائیدار ترقی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اتحاد کو فروغ دینے سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا، کاروباری ماحول بہتر ہوگا اور معاشی ترقی کے مواقع کھلیں گے۔
انہوں نے اقتصادی بحالی میں مدد کے لیے بات چیت اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے ICCI کے عزم کا اعادہ کیا اور پالیسی سازوں، کاروباری رہنماؤں اور کمیونٹی کے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ ایک مستحکم اور ترقی پذیر پاکستان کی تعمیر میں تعاون کریں۔