بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

حکومت ریل کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کیلئے ایم ایل۔ون کے اپ گریڈیشن منصوبے پر عمل پیرا ہے، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی

آج قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ حکومت ریل کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کیلئے ایم ایل۔ون کے اپ گریڈیشن منصوبے پر عمل پیرا ہے۔ریلویز کے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو بتایا کہ اس منصوبے کو آگے بڑھانے کیلئے چین کی فنی ماہرین کی ٹیم پاکستان کا جلد دورہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ کراچی سے حیدر آباد ریل تک ریل کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانا ایم ایل۔ ون کی اپ گریڈیشن کے پیکج ون کا حصہ ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ جعفر ایکسپریس واقعے کے بعد بلوچستان میں ٹرینوں کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر باڑ بھی لگائی جائے گی۔قومی صحت کی خدمات کے وزیر مملکت مختار احمد ملک نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ملازمین کیلئے ایک ہیلتھ کیئر انشورنس سکیم لانے کی تجویز زیر غور ہے۔

قومی صحت کی خدمات کے وزیر مملکت مختار احمد نے ایوان کو بتایا کہ اسلام آباد کے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے کئی منصوبوں پر عمل جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ رواں سال جون تک ہسپتال میں حادثات اور ایمرجنسی سینٹر کی تعمیر مکمل ہو جائے گی جبکہ پمز کا کینسر ہسپتال آئندہ سال مکمل ہو گا۔

وزیر مملکت نے کہا پمز پر مریضوں کا بوجھ کم کرنے کیلئے جناح میڈیکل کمپلیکس بھی تعمیر کیا جائے گا جس کا سنگ ِ بنیاد رواں سال اپریل میں رکھے جانے کی توقع ہے۔ایک توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں ریلوے کے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے ایوان کو بتایا کہ رواں مالی سال کے دوران فروری تک ایف بی آر کی محصولات کی وصولی میں چھبیس فیصد اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے جبکہ گزشتہ ایک سال میں معاشی اشاریوں میں بہتری آئی ہے۔قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا گیا ہے۔

اشتہار
Back to top button