بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم کا گلیشیئرز کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات پر زور

وزیراعظم شہبازشریف نے گلیشیئرز کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے جن کی تباہی کے باعث ان سے منسلک حیاتیاتی بقاء کو بھی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔گلیشیئرز کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ گلیشیئرز کرئہ ارض پر زندگی کے فطرتی حسن کو برقرار رکھنے اور ضروری قدرتی وسائل خصوصاً صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی ضمانت ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں تیرہ ہزار سے زائد گلیشیئرز ہیں جو زمین کے قطبی علاقوں کے بعد کہیں بھی پائے جانے والے گلیشیئرز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث ماحولیاتی تغیروتبدل اور بڑھتے ہوئے اوسط درجہ حرارت سے دس ہزار سے زائد گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں جن کے نتیجے میں سیلابوں اور خشک سالی سے دریاؤں، زراعت اور انسانی زندگی کو بقاء کے خطرات لاحق ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ ملکوں میں سے ایک ہے اور پاکستان کو گلیشئر کی نگرانی، پیشگی اطلاع کے نظام،زرعی فصلوں کو ماحولیاتی تبدیلی سے محفوظ رکھنے اور پانی ذخیرہ کرنےکے متبادل طریقوں کیلئے مزید تعاون کی ضرورت ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں ماحولیاتی سیاحت کے بین الاقوامی رہنما اصولوں کو بھی اختیار کرنے کی ضرورت ہے جن سے ان قیمتی اثاثوں کو زہریلی گیسوں اور آلودگی سے نقصان پہنچنے سے روکا جا سکتا ہے۔

 

اشتہار
Back to top button