
دہشت گرد عناصر کو ہر قیمت پر شکست دیں گے،صدر
صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دہشت گرد عناصر کو ہر قیمت پر شکست دے کر بلوچستان میں ریاست کی عملداری یقینی بنائی جائے گی۔وہ بدھ کے روز کوئٹہ میں بلوچستان میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
بلوچستان کے وزیراعلیٰ میر سرفراز احمد بگٹی نے اجلاس کو صوبے میں امن عامہ بہتر بنانے کیلئے صوبائی حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ دہشت گرد قوم کو تقسیم کرناچاہتے ہیں لیکن ہم انہیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ریاست وہاں موجود رہے گی اورہم دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتیں گے۔صدر نے کہا سیکورٹی اقدامات کو بہتر بنانے کیلئے محکمہ انسداد دہشت گردی اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداوں کو جدید ہتھیار فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا تعمیر و ترقی کا عمل تیز کرتے ہوئے صوبے کو امن کا گہوارہ بنایا جائے گا۔صدر نے خواہش ظاہر کی کہ کوئی بچہ سکول سے باہر نہ رہے۔