
عالم دین مفتی منیر شاکر مسجد کے باہر بم دھماکے میں جاں بحق
پشاور میں مسجد کے باہر ہونے والے دھماکے میں زخمی ہونے والے عالم دین مفتی منیر شاکر جاں بحق ہوگئے۔پولیس کے مطابق افطار سے قبل پشاور کے علاقے ارمڑ میں مسجد کے باہر آئی ای ڈی دھماکا ہوا جس میں مفتی منیر شاکر سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دھماکے سے مسجد کی دیوار کو جزوی نقصان پہنچا، زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور منتقل کیا گیا۔ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال کے مطابق مفتی منیرشاکر کو تشویشناک حالت میں اسپتال لایا گیا تھا، مفتی منیر شاکر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے،مفتی منیر شاکر کا جسد خاکی اسپتال سے گھر منتقل کیا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکے کے تین زخمی اسپتال میں زیر علاج ہیں، بی ڈی یو جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کر رہی ہے۔مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹرمحمدعلی سیف نے بم دھماکے میں مفتی منیرشاکرکی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئےکہا ہےکہ علماء کرام پر حملے انتہائی تشویشناک اور قابل مذمت ہیں، معصوم جانوں کے قاتل انسانیت کے دشمن ہیں۔صوبائی مشیرصحت احتشام علی نے بھی مفتی منیر شاکرکی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے۔