بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

امریکا اور یورپی یونین کی جانب سے جعفر ایکسپریس پر دہشتگردی کی مذمت

امریکی سفارتخانے اور یورپی یونین کی سفیر نے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی مذمت کی ہے۔امریکی سفارتخانے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جعفر ایکسپریس پر حملے اور بلوچستان کے ضلع کچھی میں مسافروں کو یرغمال بنانے کی شدید مذمت کرتے ہیں، ‎اس حملے کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قبول کی ہے، جسے امریکا نے ایک عالمی دہشتگرد گروپ قرار دیا ہے۔

امریکی سفارتخانے کے مطابق ہم متاثرین، ان کے اہل خانہ اور اس خوفناک واقعے سے متاثر ہونے والے تمام افراد سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، پاکستانی عوام کو تشدد اور خوف سے آزاد زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔

امریکی سفارتخانہ کے مطابق امریکا پاکستان کا مضبوط شراکت دار رہے گا تاکہ وہ اپنے تمام شہریوں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنا سکے، ہم اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔دوسری جانب یورپی یونین کی سفیر رینا کیونکا نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں جعفر ایکسپریس پر حملے کی مذمت کی اور کہا کہ ہم 11 مارچ کو بلوچستان میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

رینا کیونکا نے کہا کہ ہماری گہری ہمدردیاں پاکستانی عوام اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں، چونکہ صورتحال اب بھی غیر یقینی ہے، ہم یرغمالیوں کے لیے اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہیں اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

 

اشتہار
Back to top button