
فوج دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کردار ادا کرتی رہے گی، آرمی چیف
بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج ملک کی سلامتی اور استحکام یقینی بنانے کیلئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مضبوط فصیل کا کردار ادا کرتی رہے گی۔انہوں نے یہ بات منگل کے روز بنوں چھاؤنی پرخوارج کے دہشت گردی کے ناکام حملے کے بعد آج(جمعرات کو ) دورہ بنوں کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔دورے کے موقع پر بری فوج کے سربراہ کو جاری کارروائیوں اور علاقے کی مجموعی سیکورٹی صورتحال سے آگاہ کیاگیا ۔
جنرل سید عاصم منیر نے دہشت گردی کے اس گھناؤنے اور بزدلانہ حملے میں شہید معصوم شہریوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی ۔انہوں نے کہاکہ اگرچہ اس واقعے کے مجرموں کو بہادر جوانوں نے فوری طورپر ٹھکانے لگا دیا تھا تاہم اس بزدلانہ حملے کے منصوبہ ساز اور سہولت کا ر جہاں کہیں بھی ہیں انھیں بھی کیفر کردار تک پہنچا یاجائے گا ۔جنرل سید عاصم منیر نے فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کے دلیرانہ اقدامات کی تعریف کی اور حملہ آوروں کو بے بس کرنے اوران کے گھنائونے ارادے ناکام بنانے کیلئے جوانوں کی فوری اور فیصلہ کن جوابی کارروائی کا اعتراف کیا ۔
انہوں نے کہاکہ دشمن عناصر کے اشارے پر چلنے ولے خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف لڑائی ان کے منطقی انجام تک جاری رہے گی۔بری فوج کے سربراہ نے یہ بات واضح کی کہ فتنہ الخوارج سمیت دہشت گرد گروپ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف سرگرم رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کے حلیہ حملوں میں غیرملکی ہتھیاروں اور آلات کا استعمال اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ افغانستان ایسے عناصر کی محفوظ پناہ گاہ رہا ہے ۔انہوں نے یہ بات پھر زوردے کر کہی کہ کسی کو بھی پاکستان کے امن واستحکام کونقصان پہنچانے نہیں دیاجائے گا ۔