
وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے یوٹیلیٹی اسٹور سیکٹر G-9 اسلام آباد میں رمضان ریلیف پیکیج کا آغاز کر دیا
وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے یوٹیلیٹی اسٹور سیکٹر G-9 اسلام آباد میں رمضان ریلیف پیکیج 2025 کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک برکتوں اور رحمتوں کا مہینہ ہے، اور ہمیں اس موقع پر مستحق افراد کی مدد کے لیے آگے آنا چاہیے۔ حکومت عوام کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ ضروری اشیاء عوام کو مناسب قیمت پر دستیاب ہوں۔
وزیراعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر رمضان ریلیف پیکیج کے تحت گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سمیت ملک بھر کے عوام کے لیے 20 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن اس پیکج کے تحت 800 سے زائد برانڈڈ اشیاء پر 15 فیصد تک رعایت فراہم کر رہی ہے، جبکہ عوام کی سہولت کے پیش نظر اسٹورز کے اوقاتِ کار میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے، اور اب ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی اسٹورز صبح 9 بجے سے رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔
انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر فراہم کی جانے والی اشیاء کی مقدار اور معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ عوام کو معیاری اور مناسب قیمت پر اشیاء کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ وزیر صنعت و پیداوار نے مزید کہا کہ وہ خود یوٹیلیٹی اسٹورز کی نگرانی کر رہے ہیں اور رمضان المبارک کے دوران مختلف اسٹورز کے اچانک دورے کریں گے تاکہ کسی بھی قسم کی بدانتظامی یا کوتاہی کو فوری طور پر دور کیا جا سکے۔
رانا تنویر حسین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس ریلیف پیکج سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور مستحق افراد کی مدد کے لیے آگے بڑھیں۔ حکومت عوامی خدمت کے جذبے سے کام کر رہی ہے اور ہر شہری کو اس مشن میں شامل ہونا چاہیے تاکہ رمضان کی حقیقی برکتوں سے سب مستفید ہو سکیں۔