
پنجاب میں جدیدترین آٹو میٹڈ ریپڈ ٹرانسپورٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ
لاہور(سی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے پنجاب میں پانچ سالہ ٹرانسپورٹ پروگرام کی منظوری دے دی۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر صدارت ٹرانسپورٹ سے متعلق خصوصی ویڈیو لنک اجلاس ہوا، اجلاس میں پنجاب میں جدیدترین آٹو میٹڈ ریپڈ ٹرانسپورٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ آٹو میٹڈ ریپڈ ٹرانسپورٹ سسٹم ملیشیاء، ابوظہبی اور قطر سمیت دنیا بھر میں ماس ٹرانزٹ کا کامیاب سسٹم ہے، عام بس کی نسبت اے آر ٹی کے لئے روڈ پر کم جگہ درکارہوگی جس پر وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اے آر ٹی کے فوری ٹرائل رن کا حکم دے دیا۔
بریفنگ کے میں بتایا گیا کہ اے آرٹی تین کوچز پر مشتمل بس میں 300 سے زائد مسافر وں کی گنجائش ہوگی، اے آر ٹی سمارٹ سٹیشن پر بس کھڑے کھڑے چند منٹ میں چارج ہوجائے گی، اے آر ٹی میں مسافروں کے لئے فارسٹ چارجنگ، وائی، مانیٹرنگ کیمرہ اور دیگر سہولیات میسر ہونگی۔اے آر ٹی روایتی فیول کی بجائے مکمل سولرائزڈ سسٹم ہوگا، پہلے مرحلے میں لاہور، فیصل آباد اور گوجرانوالہ سمیت دیگر شہروں میں اے آر ٹی ٹرانسپورٹ سسٹم متعارف کرایا جائے گا، تین مراحل میں دس دس شہروں میں نیا ٹرانسپورٹ سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ آٹو میٹڈ ریپڈ ٹرانسپورٹ پنجاب بھر میں چار سال میں مکمل کرنا چاہتے ہیں، جدت کا ٹیچ دینے کے لئے ہر شہر میں نیا ٹرانسپورٹ سسٹم ضروری ہے۔مریم نواز نے کہا کہ ہر شہر میں ”اینڈ ٹو اینڈ“سسٹم متعارف کرانے چاہتے ہیں، آٹو میٹڈ ریپڈ ٹرانسپورٹ سسٹم چھوٹے شہر میں رہنے والوں کا بھی حق ہے، محرومیاں دور کرنا چاہتے ہیں، جدید ٹرانسپورٹ سسٹم سے لوگوں کے معیار زندگی میں بہتری آئے گی۔