
سرمایہ کاروں کا اعتماد پاکستان سٹاک ایکسچینج کی متاثر کن کارکردگی کا مظہر ہے، وزارت خزانہ
وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ کے دوران ملکی معیشت میں مثبت پیشرفت کا سلسلہ جاری رہا۔وزارت نے اپنی ماہانہ جائزہ رپورٹ میں کہا کہ مہنگائی میں واضح کمی کی بدولت مستحکم مالیاتی ماحول قائم ہوا ہے اور مرکزی بینک کو پالیسی ریٹ میں بتدریج کمی لانے میں مدد ملی ہے جبکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد پاکستان سٹاک ایکسچینج کی متاثر کن کارکردگی کا مظہر ہے۔رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران مجموعی محاصل بیالیس اعشاریہ پانچ فیصد اضافے کے ساتھ ستانوے کھرب تریسٹھ ارب اسی کروڑ روپے کی سطح پر پہنچ گئے جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے
دوران ارسٹھ کھرب چون ارب روپے تھے۔درآمدات میں اضافے کے رحجان کے باوجود برآمدات اور ترسیلات زر میں مسلسل اضافے کے باعث بیرونی شعبے میں واضح بہتری دیکھی گئی۔اس ماہ کے دوران مہنگائی کی شرح دو سے تین فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔