بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

چیمپئنز ٹرافی، افغانستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو شکست دیدی

چیمپئنز ٹرافی 2025 میں گروپ بی کے اہم میچ میں افغانستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد انگلینڈ کو شکست دے کر سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کردیا۔ افغانستان کی جانب سے دیے گئے 326 رنز کی ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم 317 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ جو روٹ کی 120 رنز کی اننگز بھی رائیگاں چلی گئی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ایونٹ کے آٹھویں میچ افغانستان نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔افغانستان کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ اچھا ثابت نہ ہوسکا جہاں اسکی ابتدائی 3 وکٹیں 37 رنز پر گر گئیں۔

تاہم ایسے میں ابراہیم زادران نے چوتھی وکٹ پر 40 رنز بنانے والے ہشمت اللّٰہ شاہدی کے ساتھ 103 اور پانچویں وکٹ پر 41 رنز بنانے والے عظمت اللّٰہ عمرزئی کے ساتھ 72 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر اپنی ٹیم کو بڑے اسکور کی جانب گامزن کیا، اس دوران زادران نے اپنی سنچری بھی مکمل کی۔  انگلینڈ کے بولرز اس وقت مزید بےبس ہوگئے جب چھٹی وکٹ پر تجربہ کار آل راؤڈر محمد نبی کے ساتھ ابراہیم زادران کے درمیان برق رفتار 55 گیندوں پر 111 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔

323 کے مجموعے پر ابراہیم زادران 177 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر آخری اوور کی پہلی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، انکی اننگز میں 12 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔

ایک رن بعد محمد نبی بھی کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 24 گیندوں پر 40 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔ افغانستان کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔

انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر نے 3، لیام لونگسٹن نے 2 جبکہ جیمی اوورٹن اور عادل رشید نے ایک ایک وکٹ لی۔

ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم 317 رنز پر آل آوٹ ہوگئی۔ ایک جانب جہاں انگلینڈ کی وکٹیں گرتی رہیں وہیں جو روٹ نے 120 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ پارٹنرشپس بنائیں اور اپنی ٹیم کو فتح کے پاس پہنچانے میں مدد کی۔ تاہم اختتامی لمحات میں جو روٹ کی وکٹ کے ذریعے افغانستان نے ایک مرتبہ پھر میچ میں واپسی کی اور دیگر تین وکٹیں لے کر انگلینڈ کو شکست دے دوچار کیا بلکہ چیمپئنز ٹرافی میں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کردیا۔

اشتہار
Back to top button