
قومی معیشت استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے:اورنگزیب
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ قومی معیشت صحیح راہ پر گامزن ہے اور موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی بدولت استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کراچی میں پاکستان بنکنگ سمٹ 2025 سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اخراجات جاریہ کے خسارے پر قابو پانا، ترسیلاتِ زر میں اضافہ، افراطِ زر اور پالیسی ریٹ میں کمی اس بات کی واضح علامات ہیں کہ قومی معیشت کو درست سمت میں گامزن کر دیا گیا ہے۔محمد اورنگزیب نے نظم و نسق بہتر بنانے اور سرکاری رقوم کے غلط استعمال کو روکنے کیلئے ہدایات کی سطح پر اور تنظیمی لحاظ سے اصلاحات کرنے پر زور دیا ہے۔انہوں نے بدعنوانی پر قابو پانے اور محاصل میں اضافے کیلئے اداروں کو ڈیجیٹائز کرنے پر زور دیا اور کہا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ بنکاری کے شعبے کا قومی معیشت میں اہم کردار ہے اور ٹیکس کی ادائیگی کے سلسلے میں تیل اور گیس کے شعبے کی نسبت اس نے بہتر کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے برآمدات کے ذریعے ترقی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس سلسلے میں ہر شعبے کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔محمد اورنگزیب نے یقین دلایا کہ تاجر برادری کو مراعات فراہم کی جائیں گی اور بنکاری کے شعبے کو چاہئے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو سہولیات فراہم کرے جن میں زراعت، ڈیری اور افزائش حیوانات اور ایسے ہی دوسرے شعبوں کو خصوصی اہمیت دی جانی چاہئے۔