بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان اورآذربائیجان کا دوطرفہ سرمایہ کاری کو دو ارب ڈالرز تک وسعت دینے کا فیصلہ

پاکستان اورآذربائیجان نے باہمی مفاد کے منصوبوں میں دوطرفہ سرمایہ کاری کو دو ارب ڈالرز تک وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔

یہ فیصلہ وزیراعظم شہبازشریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علی یوف کے درمیان آج(پیر کو) باکو میں صدارتی محل میں با ت چیت کے دوران کیاگیا ۔

بعد میں وزیراعظم شہبازشریف نے ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں تمام سیاسی جماعتیں پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دوستی مزید مضبوط بنانے کیلئے متحد ہیں انہوں نے کہاکہ دونوں ملکوں کے درمیان خوشگوار دوستانہ تعلقات کو اقتصادی شعبے تک وسعت دیا جاناچاہیے۔

شہبازشریف نے یقین ظاہر کیاکہ آج دستخط کی گئی مفاہمتی یادداشتوں اور اس سال اپریل میں طے پانے والے معاہدوں سے مستقبل میں ثمرات حاصل ہوںگے جس سے ہماری مخلصانہ کوششوں کو تقویت ملے گی۔

شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان نے Karabakh کے معاملے پر ہمیشہ آذربائیجان کی حمایت کی ہے اور آذربائیجان نے کسی قسم کی سیاسی شرائط کے بغیر مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی حمایت کی ہے۔

مسئلہ فلسطین کے حوالے سے وزیراعظم نے مستقل جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا ان کا کہنا تھا کہ غزہ کے عوام کو اب مستقل جنگ بندی کی ضرورت ہے۔

شہبازشریف نے وفاقی دارلحکومت کو مزید خوبصورت بنانے کیلئے وفد کو اسلام آباد بھیجنے پر بھی آذربائیجان کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا وقت کا تقاضا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان دونوں کو اپنے دفاعی روابط بڑھانے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دفاعی سازوسامان کی مشترکہ طور پر تیاری شروع کرنے کے دوررس اثرات مرتب ہونگے۔

وزیراعظم نے بنیادی ڈھانچے کی بین الاقوامی راہداری قائم کرنے کے حوالے سے آذربائیجان کے صدر کی تجویز کو وقت کی ضرورت قرار دیا ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی گوادر کی بندرگاہ کو بھی برآمدات اور درآمدات کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

 

اشتہار
Back to top button