
اسٹیٹ بینک نے ویمسول پرائیویٹ لمیٹڈ کو تجارتی سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت دیدی
بینک دولت پاکستان نے ویمسول پرائیویٹ لمیٹڈ کو الیکٹرونک منی انسٹی ٹیوشن (ای ایم آئی) کے طور پر تجارتی سرگرمیوں کی اجازت دیدی ہے۔ مذکورہ ادارہ لائسنس کے تحت، صارفین اور مرچنٹس کو ای منی والٹس اور پیمنٹ گیٹ وے کی خدمات پیش کرے گا۔
اس لائسنس کے اجرا سے الیکٹرونک منی انسٹی ٹیوشنز کی تعداد چھ ہوگئی ہے، جن میں نیا پے پرائیویٹ لمیٹڈ، فنجا پرائیویٹ لمیٹڈ، سادہ پے پرائیویٹ لمیٹڈ، ختر فویو ٹیکنالوجیز پرائیویٹ لمیٹڈ، ای پروسیسنگ سسٹمز پرائیویٹ لمیٹڈ اور ویمسول پرائیویٹ لمیٹڈ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ، ہب پے نامی ایک اور ای ایم آئی آزمائشی طور سرگرمیاں کر رہا ہے۔ دریں اثنا، یاپ پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ، کیرزما پرائیویٹ لمیٹڈ اور ٹوکو لیب پرائیویٹ لمیٹڈ کو کام کرنے کی اصولی منظوری دیدی گئی ہے، اور فی الوقت یہ ادارے اپنی آزمائشی سرگرمیاں شروع کرنے کے لیے انتظامی اور ٹیکنالوجی انفراسٹرکچر کی تیاری میں مصروف ہیں۔