
پاک بحریہ رواں ماہ کی 24 سے 28 تاریخ تک مشق سی گارڈ 2025 ایڈیشن II کا انعقاد کریگی
پاک بحریہ رواں ماہ کی 24 سے 28 تاریخ تک مشق سی گارڈ 2025 ایڈیشن II کا انعقاد کر رہی ہے۔ یہ مشق پاکستان کے بحری خطے میں تمام اسٹیک ہولڈرز کے ذریعے موجودہ سیکیورٹی طریقہ کار کا جائزہ لینے کے لیے کی جا رہی ہے۔مشق سی گارڈ 2025 کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل فیصل امین نے کہا ہے کہ ایک ہزار کلومیٹر پر پھیلی پاکستان کی ساحلی پٹی انمول قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان قدرتی وسائل کے ساتھ ساتھ مختلف سمندری چیلنجز بھی پیدا ہوتے ہیں جن میں غیر قانونی ماہی گیری، منشیات کی سمگلنگ، انسانی سمگلنگ اور موسمیاتی تبدیلی شامل ہیں۔2013 میں، جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر قائم کیا گیا تھا تاکہ میری ٹائم ڈومین میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم فراہم کیا جا سکے۔
ریئر ایڈمرل فیصل امین نے کہا کہ مشق سی گارڈ 2024 میں پچاس سے زائد اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی جو کہ میری ٹائم سیکیورٹی کے مشترکہ مقصد کے لیے پاک بحریہ کی کوششوں پر ان کے اعتماد کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مشق مشترکہ آپریشنل صلاحیتوں کو بڑھانے اور بحری سلامتی کے لیے ابھرتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے سنگ میل کا کام کرے گی۔