بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

شعبہ زراعت،آئی ٹی کی ترقی اور برآمدات میں اضافہ حکومتی ترجیح ہے،وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ زراعت ، صنعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں کی ترقی اور برآمدات میں اضافہ کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔انہوں نے یہ بات بدھ کے روز اسلام آباد میں اقتصادی مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔وزیراعظم نے کہاکہ پوری ٹیم کی کوششوں سے ملک میں اقتصادی استحکام حاصل کرلیاگیا ہے اور حکومت پائیدار ترقی کیلئے پرعزم ہے ۔

انہوں نے کہاکہ مقامی صنعت کی مصنوعات کو بین الاقوامی منڈی میں مسابقت کے قابل بنایاجائے گا ۔شہبازشریف نے کہا کہ ملک میں گرین ڈیٹا سنٹرز کے قیام کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں اورڈیجیٹل کرنسی کو باضابطہ بنانے کے حوالے سے مشاورت جاری ہے۔

انہوں نے کہاکہ دور دراز علاقوں میں ٹیلی مواصلات کی خدمات کی بہتری اور انٹرنیٹ کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں جس کا مقصد آئی ٹی برآمدات اور فری لانسرز کی تعداد بڑھانا ہے ۔اس موقع پر شرکاء نے کہاکہ قیمتوں میں استحکام کے نتیجے میں ترقی کی شرح میں اضافہ ہوا ہے اور تاجر برادری اور بین الاقوامی مالیاتی ادارے حکومت کی پالیسیوں کے معترف ہیں ۔انہوں نے کہاکہ تاریخ میں پہلی بار حکومت سنجیدگی سے اصلاحات پر عملدرآمد کررہی ہے ۔

اشتہار
Back to top button