
پاکستان ٹینس فیڈریشن نے امریکی کوچ رابرٹ ڈیوس کی خدمات حاصل کرلیں
پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) نے قومی کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے معروف امریکی کوچ رابرٹ ڈیوس کی خدمات حاصل کر لیں۔ ان خیالات کا اظہار پی ٹی ایف کے صدر اعصام الحق قریشی نے ہفتہ کو رابرٹ ڈیوس کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اعصام الحق قریشی نے کہا کہ رابرٹ کا شمار دنیا کے ٹاپ ٹینس کوچز میں ہوتا ہے، یہ پاکستان ٹینس کے لیے ایک اہم موقع ہے، یہ پہلی بار ہے کہ ہم اپنے کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرنے کے لیے اس طرح کی صلاحیت کے حامل غیر ملکی کوچ کو لائے ہیں، یہ ان کو بہترین ممکنہ تربیت اور وسائل فراہم کرنے کے لیے ہماری لگن کو ظاہر کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ فیڈریشن بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے ٹینس کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے،اعصام الحق قریشی کے مطابق فیڈریشن نے کھلاڑیوں کو تربیت کے لیے قازقستان بھیجنے کے لیے بھی سرمایہ کاری کی ہے۔
رابرٹ ڈیوس نے دنیا میں 10 سے 15 اعلی رینکنگ کے کھلاڑی تیار کیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا اسلام آباد میں وہ پہلے ہی ہمارے کوچز اور کھلاڑیوں کے لیے ایک ہفتہ طویل تربیتی سیشن کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی ایف کمپلیکس میں ایک جدید ترین جم مکمل ہونے کے قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ یہ 20 فروری تک تیار ہو جائے گا۔اعصام الحق قریشی نے کہا کہ پی ٹی ایف نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ٹورنامنٹس اور انعامات بڑھانے پر توجہ دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک غیر ملکی فٹنس ٹرینر بھی اتوار کو اسلام آباد پہنچ رہا ہے تاکہ کھلاڑیوں کی جسمانی تربیت میں مدد کی جا سکے۔