
پی ٹی اے نے ورچوئل نیٹ ورک لائسنس کا اجراء شروع کر دیا: شزہ فاطمہ
وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ نے اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان میں نئی ٹیلی کام کمپنیاں داخل ہوں گی۔
جمعہ کے روز قومی اسمبلی میں سوالات کے دوران اراکین کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ورچوئل نیٹ ورک لائسنس جاری کرنا شروع کر دیے ہیں۔
انہوں نے ایوان کو آگاہ کیا کہ اس سال کی وسط تک سپیکٹرم کی نیلامی کی جائے گی۔
پارلیمانی سکریٹری برائے خزانہ سعد وسیم شیخ نے کہا کہ حکومت کا کوئی ارادہ مزید ٹیکس لگانے کا نہیں ہے، اور اس بات پر زور دیا کہ اس سال کے ریونیو کے اہداف کو پورا کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
پارلیمانی سکریٹری برائے منصوبہ بندی و ترقی وجیہہ قمر نے ایوان کو بتایا کہ ساتویں زرعی مردم شماری کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مردم شماری کی مدد سے زرعی شعبے کی ترقی کے لیے بہتر فیصلے کیے جا سکیں گے۔
پارلیمانی سکریٹری برائے تعلیم فرح ناز اکبر نے ایوان کو آگاہ کیا کہ کیمبرج ایجوکیشن سسٹم کو اس سال اپریل سے اسلام آباد کے چار پبلک سیکٹر اسکولز میں متعارف کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک پائلٹ پروجیکٹ ہے، اور بعد میں اسے دوسرے پبلک اسکولز میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔
ایوان کا اجلاس اب پیر کو شام 5 بجے دوبارہ ہو گا۔