بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پرنس کریم جیسے دوست کے انتقال کا دکھ الفاظ میں بیان نہیں ہوسکتا، صدر زرداری

صدر آصف علی زرداری نے پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر گہرے صدمے اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔چین کے سرکاری دورے پر موجود صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان ایک عظیم دوست سے محروم ہو گیا ہے جس نے پاکستان کے سماجی شعبے بالخصوص صحت، تعلیم اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی بہتری کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔صدر مملکت نے کہا کہ پرنس کریم آغا خان کی انسانیت کے لیے گراں قدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے پرنس کریم آغا خان کے انتقال کو بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ایسے مخلص دوست کے ضیاع پر الفاظ میں ان کے دکھ کا اظہار نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم پرنس کریم آغا خان نے گلگت بلتستان کے تعلیمی منظرنامے میں انقلاب برپا کر کے خطے میں عالمی معیار کا تعلیمی معیار قائم کیا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پرنس کریم آغا خان نے پاکستان کے اپنے ہر دورے کے دوران اپنے عوام کے ساتھ دلی محبت کا مظاہرہ کیا اور متعدد متنوع منصوبے شروع کئے۔صدر مملکت نے پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے آغا خان خاندان اور عالمی اسماعیلی برادری سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے روحانی پیشوا اپنے والد محترم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے خدمت اور انسانیت کے نئے معیارات مرتب کریں گے۔

اشتہار
Back to top button