مقبوضہ کشمیر پر اقوام متحدہ اپنی ہی قراردادوں پرعلمدرآمد کرنے میں ناکام ہے، مولانا بلال توصیف
یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف مذہبی رہنما مولانا بلال توصیف نے اقوامِ متحدہ کی کارکردگی پر شدید تنقید کی اور عالمی ادارے کی بے عملی کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ "اقوام متحدہ اپنی ہی منظور شدہ قراردادوں پر عمل درآمد کروانے میں ناکام ہو چکا ہے، اور یہ ادارہ یورپی ممالک کے مفادات کی لونڈی بن کر رہ گیا ہے۔”
مولانا بلال توصیف نے اپنے ولولہ انگیز خطاب میں کہا کہ "کشمیر میں جاری مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اقوام متحدہ کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔ جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوتا، تب تک ان کی قراردادیں اس کے منہ پر طمانچہ ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کا فرض ہے کہ وہ مظلوم کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کرے اور بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ مقبوضہ وادی سے اپنی افواج کا انخلاء کرے۔
مولانا بلال توصیف نے اقوام متحدہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ "یہ ادارہ عالمی طاقتوں کے مفادات کے تحفظ میں مصروف ہے، جبکہ مظلوم اقوام کے حقوق کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔” ان کا کہنا تھا کہ اگر اقوام متحدہ عالمی امن و انصاف کے قیام میں واقعی مخلص ہوتا تو آج فلسطین، کشمیر، اور دیگر مظلوم علاقوں کے لوگ آزادی سے محروم نہ ہوتے۔
یاد رہے کہ یومِ یکجہتی کشمیر ہر سال 5 فروری کو پاکستان اور دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔ اس دن کا مقصد مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی، ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرنا ہے۔ مولانا بلال توصیف نے قوم سے اپیل کی کہ وہ مظلوم کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے لیے دعائیں کریں اور ان کی آزادی کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھیں۔
تقریب کے اختتام پر کشمیر کی آزادی اور مظلومینِ کشمیر کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جس میں شرکاء نے بھرپور شرکت کی ۔