پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون : پی ٹی وی اور ہائر ایجوکیشن کی جیت
پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے پانچویں راؤنڈ میں پی ٹی وی نے غنی گلاس کو 7 وکٹوں سے ہرادیا ۔
اسٹیٹ بینک نے ہائر ایجوکیشن کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔یہ اسٹیٹ بینک کی پانچ میچوں میں چوتھی کامیابی ہے۔
کے سی سی اے اسٹیڈیم میں پی ٹی وی کو غنی گلاس کے خلاف جیتنے کے لیے 243 رنز کا ہدف ملا تھا۔ تیسرے دن کھیل ختم ہونے پر اس نے 2 وکٹوں پر 204 رنز بنائے تھے ۔آج اس نے جیت کے لیے درکار مزید39 رنز ایک وکٹ گرنے کے بعد بنالیے۔ شامل حسین جو گزشتہ روز 120 رنز بناکر ناٹ آؤٹ تھے 143 رنز بناکرناٹ آؤٹ رہے ان کی اننگز میں 14چوکے اور4 چھکے شامل تھے۔
یاد رہے کہ شامل حسین نے ایشال ایسوسی ایٹس کےخلاف اپنے فرسٹ کلاس کریئر کی پہلی سنچری اسکورکرتے ہوئے 229 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں اسٹیٹ بینک کو ہائر ایجوکیشن کے خلاف جیتنے کے لیے 293 رنز کا ہدف ملا تھا۔ آج اس نے158 رنز3 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز شروع کی ۔
عثمان صلاح الدین فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی29 ویں سنچری صرف3 رنز کی کمی سے مکمل نہ کرسکے اور تیرہ چوکوں کی مدد سے 97 رنز بناکر آؤٹ ہوئے انہوں نے فواد عالم کے ساتھ چوتھی وکٹ کی شراکت میں 91 رمیز عزیز کے ساتھ پانچویں وکٹ کی شراکت میں 48 اور غازی غوری کے ساتھ چھٹی وکٹ کی شراکت میں 47 رنز کا اضافہ کرکے اپنی ٹیم کی جیت کو ممکن بنادیا۔فواد عالم52 اور رمیز25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ غازی غوری 7چوکوں کی مدد سے 32 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کا چھٹا راؤنڈ7 فروری سے شروع ہوگا۔