صدر کی جنگی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے پاک فضائیہ اور اس کے ہنرمندوں کی تعریف
صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاک فضائیہ کے زیر اہتمام نیشنل ایروسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا دورہ کیا۔پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو بھی اس موقع پر موجود تھے۔ دورے کے دوران صدر مملکت کو پارک کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔صدر مملکت کو بتایا گیا کہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک پاک فضائیہ کے ترقی کے سفر میں اہم سنگ میل ہے۔ یہ منصوبہ قومی اہمیت کا حامل ہے اور پارک پاکستان میں علم اور ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت کی بنیاد بننے کے لیے تیار ہے۔ اس پارک کا مقصد خلائی، سائبر، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور ایرو سپیس میں نجی اور پبلک سیکٹر کے اداروں کو جوڑنا ہے۔
یہ پارک دنیا کے بہترین ایرو سپیس، سائبر اور آئی ٹی کلسٹرز میں سے ایک بننے کے لیے پوری طرح تیار ہے اور یہ ابھرتی ٹیکنالوجیز، تحقیق و تیاری اور اختراعی مراکز کے ساتھ قومی منظر نامے کو بدل دے گااور اس سے ملک کو سماجی،اقتصادی، سکیورٹی اور سائنسی طور پر فائدہ ہوگا۔صدر مملکت نے پاک فضائیہ اور اس کے ہنرمند اہلکاروں کی تعریف کی اور انہوں نے اس پارک میں جدید ترین تکنیکی ماحولیاتی نظام کی بھی تعریف کی۔آصف علی زرداری نے جدید جنگی چیلنجوں سے نمٹنے اور قومی تذویراتی اہمیت کے منصوبے کو بے مثال مدت میں مکمل کرنے پر پاک فضائیہ کی قیادت کے وژن اور فعالیت کو سراہا۔